103 ارب کا ریونیو ہدف/پہلی بار صرف 6 ارب کا ضمنی بجٹ ہوگا، وزیر خزانہ بلوچستان

June 20, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور بلیدی نے کہا ہے کہ بجٹ میں صوبے کے تمام حلقوں میں یکساں ترقیاتی منصوبے ضرورت کے مطابق رکھے گئے ہیں ،بلو چستان کی تاریخ میں پہلی بار صرف 6 ارب روپے کا ضمنی بجٹ پیش کرنے جارہے ہیں ،اپوزیشن کے حلقوں میں کام کرنا جرم نہیں،احتجاج بلاجواز ہے،بجٹ میں تعلیم، صحت، سیاحت،ماہی گیری کو ترجیح دی،حکومت اپنے وسائل اور ریونیو میں اضافے کے لئے بی آر اے ، ایکسائز ، مائنز اینڈ منرلز سمیت دیگر محکموں میں ترامیم کرکے مقرر کئے جانے والے 103 ارب روپے کے ہدف کو پورا کرے گی۔ کوئٹہ پیکج سے ہٹ کر کوئٹہ کے لئے خصوصی طور پر 5 ارب روپے رکھے گئے ہیں ۔ اپوزیشن کس قانون کے تحت یہ کہتی ہے کہ ان کے حلقوں میں ان کے علاوہ حکومت کام نہ کرائے صوبے میں ترقیاتی کام کرانا اور کسی حلقے میں اسکول ، واٹر سپلائی کی اسکیم دینا کوئی جرم نہیں، اپوزیشن کی جانب سے احتجاج بلا جواز ہے، اسمبلی میں روا رکھے جانے والا سلوک صوبے کی روایات اور اقدار کے خلاف ہےاپوزیشن والے ہمارے دوست ہیں لیکن انہوں نے گزشتہ روز جو کیا اس کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو مقامی ہوٹل میں پوسٹ بجٹ بریفنگ دیتے ہوئے کیا ، اس موقع پر صوبائی وزراء میر عارف جان محمد حسنی ، عبدالخالق ہزارہ ، رکن صوبائی اسمبلی مبین خان خلجی ، حکومت بلو چستان کے ترجمان لیاقت شاہونی ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات حافظ عبدالباسط ، سیکرٹری خزانہ بلوچستان پسند خان بلیدی ، اسپیشل سیکرٹری فنانس لعل جان جعفر سمیت دیگر بھی مو جود تھے ۔