بلوچستان میں اپوزیشن کی آواز کودبا نہیں جا سکتا ،جمعیت علمائے اسلام

June 20, 2021

لاہور(نمائندہ خصوصی)جمعیت علماءاسلام نے بلوچستان اسمبلی کا واقعہ پارلیمان کی تاریخ میں سیاہ ترین دن اور پارلیمان کے منہ پر سیاہ دھبہ ہے۔جے یو آئی کے رہنماؤں حاجی محمد اکرم خان درانی، مولانا محمد امجد خان، محمد اسلم غوری حاجی شمس الرحمن شمسی، انجینئر عبدالرزاق عابد لاکھو اور مفتی ابرار احمد نے کہا ہے کہ حکومت اپنی ناکامی کو تسلیم کرنے اور اپوزیشن کا آئینی حق سننے کے بجائے بکتر بند گاڑی استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ دروازے بند کر کے بجٹ پیش کرکے ڈرامے کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے اپوزیشن کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا ۔پی ٹی آئی کی حکومت اب اپوزیشن کا وجود برداشت کرنے کے لئے تیار نہیں ، قومی اسمبلی میں جس انداز سے اپوزیشن لیڈر کی تقریر کو روکنے کے لئے جو ڈرامہ رچایا گیا وہ قابل مذمت نہیں قابل نفرت بھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت حالات کو بندگلی کی طرف لے جا رہی ہے۔ جے یو آئی کے رہنماوں نے جام حکومت کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا،انہوں نے اس واقعہ میں اپوز یشن خصوصاً جے یو آئی کے اراکین اسمبلی کے زخمی ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ۔