ٹیچنگ ہسپتالوں کے انفراسٹرکچر اورمشینری کی مرمت کیلئے حکمت عملی

June 20, 2021

لاہور ( جنرل رپورٹر ) محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے اگلے مالی سال کے دوران اہم نوعیت کے اقدامات پر حکمت عملی طے کرلی،تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کے انفراسٹرکچر اور جدید مشینری کی مرمت کرکے مکمل فعال بنایا جائیگا۔ ان خیالات کااظہار سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن بیرسٹر نبیل اعوان نےمیڈیا سے گفتگو کرتےہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ جناح ہسپتال اور میو ہسپتال میں کینسر کے مریضوں کے ٹیسٹ اور علاج کے لیے پہلی مرتبہ لینئر ایکسلیٹر ریڈیو تھر کی مشین اور نشتر ہسپتال ملتان میں Pet Scan ڈیڑھ ارب کی لاگت سے خریدا جائے گا۔1992 کے بعد پہلی مرتبہ لاہور میں ہزار بیڈ پر مشتمل ایک ہسپتال تعمیر کیا جائے گا۔اگلے مالی سال میں نشتر ہسپتال ملتان بلاک ٹو، ڈی جی خان کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ اور پانچ اضلاع میں مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال تعمیر کیے جائیں گے۔سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی ازسرنو تعمیر، ڈی جی خان ہسپتال ایمرجنسی بلاک اور چلڈرن ہسپتال لاہور میں برن سنٹر بھی تعمیر کیا جائے گاپنجاب حکومت کاانقلابی آفرین منصوبہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس سنگ میل ثابت ہوگا ۔