حادثے میں جاں بحق رکنِ آزاد کشمیر اسمبلی کی تدفین کل ہو گی

June 20, 2021


پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور رکنِ آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی سردار صغیر چغتائی کی میت راولا کوٹ پہنچا دی گئی۔

مرحوم کی نمازِ جنازہ کل پیر کو ادا کی جائے گی جس کے بعد مقامی قبرستان میں انہیں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

11 جون کو آزاد پتن کے مقام پر صغیر چغتائی کی گاڑی سامنے سے آنے والی کار سے ٹکرا کر دریائے جہلم میں جا گری تھی، جس کے نتیجے میں صغیر چغتائی، ان کے سیکریٹری اور ان کے ڈرائیور ڈوب گئے تھے۔

3 دن قبل صغیر چغتائی کے سیکریٹری احتشام کیانی کی لاش دھان گلی ڈڈیال سے ملی تھی۔

2 دن قبل منگلا ڈیم میں قلعہ رام کوٹ کے قریب 2 لاشیں ملی تھیں، جن کی شناخت سردار صغیر چغتائی اور ان کے ڈرائیور کے نام سے ہوئی تھی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق ممبر قانون ساز اسمبلی سردار محمد صغیر چغتائی کی نمازِ جنازہ پیر 21 جون کو شام 4 بجے صابر شہید اسٹیڈیم راولا کوٹ میں ادا کی جائے گی۔