مارخور چیمپئنز لیگ 25 جون سے گوجرنوالہ میں شروع ہوگی

June 20, 2021

مارخور چیمپئنز لیگ 25 جون سے جناح اسٹیڈیم گوجرنوالہ میں شروع ہوگی، فاتح ٹیم کو 30 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا ، مارخور چیمپئنز لیگ کے میچز جیو سوپر پر براہ راست دکھائے جائیں گے۔

لاہور میں مارخور چیمپئنز لیگ کے چیئرمین سیف اللہ عباسی نے چیف ایگزیکٹو محمد خلیل اور ڈائریکٹر عبدالرحمان کے ہمراہ لیگ کی تاریخوں کا اعلان کیا ، انہوں نے کہا کہ ٹیپ بال کرکٹ کے فروغ کے لیے مارخور چیمپئنز لیگ کے میچز جیو سوپر پر برا ہ راست دکھائے جائیں گے۔

چیف ایگزیکٹو محمد خلیل نے بتایا کہ مارخور چیمپئنز لیگ میں ملک بھر سے کرکٹرز حصہ لے رہے ہیں ، جناح اسٹیڈیم گوجرنوالہ میں میچز فلڈ لائٹس میں کھیلے جائیں گے ۔

ڈائریکٹر عبدالرحمان نے بتایا کہ فاتح ٹیم کو 30 جبکہ رنر اپ کو 10 لاکھ روپے انعام ملے گا ۔

مارخور چیمپئنزلیگ کے ڈراز کا اعلان اگلے دو روز میں کر دیا جائے گا، منتظمین پر امید ہیں لیگ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا جسے ٹریننگ کا موقع فراہم کیا جائے گا۔