پنجاب: نئے ڈویژن، اضلاع، تحصیلوں کے قیام پر غور

June 20, 2021


پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں نئے ڈویژن، نئے اضلاع، نئی تحصیلوں کے قیام پر غورشروع کر دیا۔

اس سلسلے میں وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مختلف اداروں کو ٹاسک سونپ دیا۔

ذرائع کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر نئے ڈویژن، اضلاع اور تحصیلوں کے قیام کے لیے کام شروع کر دیا گیا ہے۔

مختلف اداروں سے اس حوالے سے ابتدائی رپورٹ مانگ لی گئی، بجٹ کی منظوری کے بعد نئے اضلاع، تحصیلوں اور ڈویژن کے حوالے سے باضابطہ کام ہو گا۔

سیاسی رہنماؤں اور ارکانِ اسمبلی سے بھی ان کے اضلاع میں رد و بدل کے لیے مشاورت کی جائے گی۔

زیادہ آبادی والے بڑے اضلاع میں کانٹ چھانٹ کا امکان ہے، کئی حلقوں میں رد و بدل ہو گا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیرِاعلیٰ پنجاب نے اس سلسلے میں ابتدائی مشاورت کر لی ہے، حتمی فیصلے ورکنگ پیپر کے بعد ہوں گے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ سردار عثمان بزدار صوبے میں نئے اضلاع اور نئی تحصیلوں کے قیام کے حامی ہیں۔