بلوچستان میں اپوزیشن نے جمہوری اور قبائلی روایات کو روند ڈالا،نصیب اللہ بازئی

June 21, 2021

کوئٹہ(پ ر) بی اے پی کے سینیٹر نصیب اللہ خان بازئی نے بلوچستان میں بجٹ کےموقع پر اپوزیشن کے غیر جمہوری رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے 35 سال سے اقتدار میں رہنے والوں نے جمہوری روایات کی دھجیاں اڑا دیں اوربلوچستان کی قبائلی اور جمہوری روایات کو روند ڈالا ۔یہاںجاری ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ یہ بجٹ اجلاس کو روکنے کی کوشش نہیں تھی بلکہ بلوچستان کے غریب عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش تھی اورآج اپوزیشن عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہ رہی ۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن بلوچستان کے حقوق کی بات کرتی ہے حالانکہ ان کے باہر ممالک میں ہوٹل اور جائیدادیں بھی ہیں وہ جذباتی نعروں سے مال کمانا چاہتے ہیں انہوں نے کہاکہ 1997 میں ایک قوم پرست پارٹی کے وزیراعلیٰ نے دوسری قوم پرست پارٹی سے اتحاد کر کے حکومت بنائی اور یہ فارمولا دونوں پارٹیوں کے درمیان ڈھائی ڈھائی سالوں کا تھا۔جب ایک قوم پرست پارٹی کے ڈھائی سال پورے ہونے والے تھے تو اس نے دوسری قوم پرست پارٹی سے اختلافات بڑھا کر ناراضگی شروع کر دی اور وہ اتحاد ٹوٹ گیا۔ بعد میں اسی وزیراعلیٰ نےاپنی ہی پارٹی کے ایم پی ایز کے فنڈز روک دیئےاور وہ پورے بلوچستان کے فنڈ زاپنی منشا پر خرچ کرنا چاہتے تھے ۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن ہوش کے ناخن لے ورنہ انہیں پچھتاناپڑے گا ہو گا۔انہوں نے کہاکہ2023 میں بھی بلوچستان عوامی پارٹی ہی کی حکومت بنے گی۔ اپوزیشن کے سارے ہتھکنڈے دھرے کے دھرے رہ جائیں گے ۔