زبانوں کے فروغ میں میڈیا سٹیک ہولڈرز بنے، ضیاء الدین

June 21, 2021

شاور(وقائع نگار)گندھارا ہندکو بورڈ پشاور کے تحت صحافیوں کے ساتھ ایک نشست گزشتہ روز گندھارا ہندکو اکیڈمی کے ڈاکٹر ظہور احمد اعوان کانفرنس روم میں منعقد ہوئی جس کی صدارت سابق ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور گندھارا ہندکو بورڈ کے ایگزیکٹیو ممبر اقبال سکندر نے کی۔ اس موقع پر گندھارا ہندکو بورڈ کے جنرل سیکرٹری محمد ضیاء الدین ،جوائنٹ سیکرٹریز احمد ندیم اعوان، سکندر حیات سکندر، ایگزیکٹیو ممبران ضیاء الحق سرحدی، وسیم شاہد سمیت سینئر صحافیوں اشرف ڈار، ناصر حسین، شریف شکیب، محمد فہیم، سجاد حسین ،مظہر عمران سلمان ،مانسہرہ سے محمد اختر نعیم ،حویلیاں سے ملک ناصر دائود سمیت دیگر نے شرکت کی۔صحافیوں کو ویڈیو ڈاکومنٹری کے ذریعے گندھارا ہندکو بورڈ اور گندھارا ہندکو اکیڈمی کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیاگیا۔ گندھارا ہندکو بورڈ کے جنرل سیکرٹری محمد ضیاء الدین اور ایگزیکٹیو ممبر اقبال سکندر نے کہا کہ پاکستان میں 90 فیصد لوگ ہند آریائی زبانیں بولتے ہیں، گندھارا ہندکو بورڈ اور گندھارا ہندکو اکیڈمی ہند آریائی زبانوں کی ترویج و اشاعت کے لئے پر عزم ہیں اور بغیر کسی تعصب کے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ زبانوں کی ترقی کے اس سفر میں میڈیا کا بھی بہت بڑا کردار ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ گندھارا ہندکو بورڈ سے وابستہ افراد کے ساتھ ساتھ میڈیا والے بھی ہمارے سٹیک ہولڈربنیں اور میڈیا ہماری کارکردگی کو عوام کے سامنے لائے ،ہماری آواز کو بلند کرے۔ زبانوں کی ترقی میں ذرائع ابلاغ کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔ ہندکو زبان کے فروغ کے لئے انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے ، ہمیں اپنی شناخت کو واپس لانا ہو گا، اپنے بچوں کو ہندکو زبان، ادب، ثقافت اور تہذیب و تمدن سے روشناس کرانا ہو گا اور نوجوان نسل کو آگے لانا ہو گا۔ ہندکو زبان ہمارا قیمتی اثاثہ ہے اور اسے نوجوان نسل ہی آگے لے کر جائیگی۔اس موقع پر شرکاء نے گندھارا ہندکو بورڈ اور گندھارا ہندکو اکیڈمی کی جدوجہد اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ زبانوں کی ترقی کے حوالے سے جتنا کام گندھارا ہندکو بورڈ اور گندھارا ہندکو اکیڈمی نے کیا ہے شاید ہی کسی دوسرے اداے نے کیا ہو ۔ تمام ادبی بورڈز گندھارا ہندکو بورڈ کو اپنا سرخیل بنائیں اور ا س کو اپنا نمائندہ پلیٹ فارم دیں۔ شرکاء نے گندھارا ہندکو بورڈ کو ہندکو کی ترقی کے حوالے سے متعدد تجاویز بھی پیش کیں اور زبانوں کے فروغ میں گندھارا کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔