صارفین پر 120ارب روپے کا مالی بوجھ بڑھے گا ، فائزہ رشید

June 21, 2021

پشاور ( نمائندہ خصوصی) قومی وطن پارٹی کی وائس چیئرپرسن ڈاکٹر فائزہ رشید نے کہا ہے کہ بجٹ کی تقاریر کے دوران حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے جو سبز باغ دکھائے تھے ان کے سائیڈ ایفیکٹس آنا شروع ہو گئے ہیں افسوس کہ ایک بار پھر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا دی گئی ہے جبکہ ڈیری سیکٹر پر ٹیکس لگانے سے دودھ سمیت کئی پراڈکٹس میں غیر معمولی اضافہ ہونے سے جہاں مہنگائی کے طوفان میں مزید اضافہ ہوا ہے وہی آٹا،چینی کے صارفین پر 120 ارب روپے کا مالی بوجھ بڑھے گا ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بجٹ کے آفٹر شاکس آنا شروع ہو گئے ہیں معاشی ترقی کی دعویدار پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نئے نئے ٹیکسز متعارف کراکر غریب عوام کا خون چوس رہی ہیں نئے پاکستان میں سرمایہ داروں اور مافیاز کو ریلیف پر ریلیف دینا اور غریب کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک ہر صورت قبول نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہیلتھ ریفارمز اور ہیلتھ ایمرجنسی کے بلندوبانگ دعوے کرنے والی تبدیلی سرکار کے دور حکومت میں چاروں صوبوں بالخصوص صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کی ویکیسینیشن کی شدید قلت پیدا ہونے کی وجہ سے غریب عوام بشمول سرکاری ملازمین سارا سارا دن خوار ہورہے ہیں ۔