پیپلز پارٹی بلجیم جلد پارٹی کنونشن کا انعقاد کرے گی، حاجی وسیم اختر

June 22, 2021

کونٹری( نمائندہ جنگ ) پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر و یورپ کے رہنما حاجی وسیم اختر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بلجیم جلد ایک پارٹی کنونشن کا انعقاد کرے گی جس میں یورپ بھر سے کارکنان شریک ہونگے، بلاول بھٹو اور آصف زرداری سےخطاب کی درخواست کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت تبدیلی کی ضرورت ہے اور وہ تبدیلی پیپلز پارٹی ہی لا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی بی شہید کی سالگرہ 21 جون کو انتہائی عقیدت و احترام اور جوش جذبے سے منائی جائے گی ،بلجیم سمیت یورپ بھر میں گھر گھر عقیدت کے پھول نچھاور کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک زرداری سب پر بھاری دراصل عوام کا اپنے لیڈر کے بارے میں جذبات اور محبت کا اظہار ہے، جس طرح سابق صدر آصف زرداری نے لاہور میں قیام کیا تو پی پی پی میں شمولیت کے لیے لائن لگ گئی کیونکہ عوام اب نئی اور مخلص قیادت کے منتظر ہیں، عوام کو علم ہے کہ کس طرح پی پی پی نے آصف زرداری کی قیادت میں چیلنجز کے باوجود حکومت کی اور عوام کو اندھیروں مشکلات اور مسائل سے باہر نکالا ایک پرامن زندگی کی طرف گامزن کیا۔اب بلاول بھٹو زرداری آصف زرداری کا ادھورا مشن پورا کریں گے، ملک وقوم کو خوشحالی ترقی دیں گے، آصف زرداری کی رہنمائی میں پاکستان آگے بڑھے گا، نوجوانوں کے لیے روزگار کھلے گا، پاکستان دنیا کا ایک انمول ملک بن کر ابھرے گا کیونکہ اس کے پیچھے آصف زرداری بے نظیر بھٹو شہید اور ذوالفقار علی بھٹو شہید کا وژن سوچ اور کردار ہو گا، جنھوں نے پاکستان کو آئین دیا اور پاکستان اسلامی ممالک کا لیڈر بنا، آج پاکستان کو بلاول بھٹو زرداری جیسی شخصیت کی ضرورت ہے جو پاکستان کو اندھیروں سے باہر نکالے اور خوشحال ملک بنائے۔