ایمازون سربراہ جیف بیزوس کی زمین پر واپسی روکنے کا مطالبہ

June 22, 2021

واشنگٹن (جنگ نیوز)41ہزارسے زائدافراد نے پٹیشنز پر دستخط کرتے ہوئے مطالبہ کیاہےکہ ایمازون کےسربراہ جیف بیزوس کے خلاء میں جانے کے بعد ان کی زمین پر واپسی روکی جائے، ادھر سربراہ ناسا کاکہناہےکہ ان کی ایجنسی خلائی دوڑ میں شامل ایمازون کے مالک سمیت دیگر ارب پتیوں پر نگاہ رکھے ہوئے ہے۔میڈیا رپورٹس کےمطابق ایمازون سربراہ کاخلائی سفر ایک ایسے وقت میں ہونے جارہاہے جب خلائی پرواز کےحوالے سے جوش اور دلچسپی کہیں زیادہ دیکھی جارہی ہے جو اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔آئندہ ماہ 20جولائی کو شیڈول خلائی سفر کے آغاز کے بعد جیف بیزوس کو واپس زمین میں داخل ہونے دینے سے روکنے کیلئے آن لائن پٹیشن پر 41ہزار سے زائد افراد نے دستخط کردیے ہیں، یہ درخواست 10 روز قبل شروع ہوئی تھی اور اب تیزی سے اس کے دستخط کنندگان کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔دوسری جانب امریکی میڈیا کو ایک انٹرویو میں ناسا کے سرابرہ بل نیلسن کاکہناہےکہ ان کے پاس خلاء کی دوڑ میں حصہ لینے والے ارب پتی افراد کے لئے ایک پیغام ہے،جو لوگ وہاں سفر کرنا چاہتے ہیں ان کے لئے خلاء ’’وائلڈ ویسٹ ‘‘نہیں بننے والی،میں اس پر نگاہ رکھے ہوئے ہوں، کسی دوسرے پیشہ ور خلاباز کی طرح انہیں بھی اسی طرح کے سخت جسمانی اور نفسیاتی امتحان سے گزرناہوگا۔