اسلام ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے ،پرویز اقبال لوہسر

June 22, 2021

برسلز( عظیم ڈار) ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوہسر کی برسلز پارلیمنٹ کے صدر فواد حیدر کے ساتھ اہم ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں انھوں نے فواد حیدر کے ساتھ دنیا بھر میں اسلام فوبیا پر بات چیت کرتے ہوئےعالمی برادری کو یہ پیغام دیا ہے کہ آج بھی دین اسلام کے خلاف بہت سی قوتیں برسرپیکار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے اور ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔ انھوں نے کورونا وائرس کے یورپ پر اثرات کے حوالے سے گفتگو کی اور کہا کہ اس دور میں دنیا بھر کی معیشتیں تباہی و بربادی کے دہانے تک آ پہنچی ہیں۔ان سنگین حالات میں بھارت نے مقبوضہ وادی کشمیر کے اندر مسلسل کرفیو اور سیکورٹی فورسز کے مظالم میں اضافہ کرکے کشمیری قوم اور کشمیر کے حالات ابتر کررکھے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کشمیر کے اندر کسی بھی انسانی حقوق کی تنظیم اور یورپی ممالک کے نمائندوں کے داخلے پر پابندی لگا رکھی ہے۔ انھوں نے فواد حیدر سے کہا کہ بھارت اس وقت کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی پامالیوں کا مرتکب ہورہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ برسلز پارلیمنٹ اس حوالے سے مثبت کردار ادا کرے۔ پرویز لوہسر نے پاکستان کے سافٹ امیج کو اجاگر کرتے ہوۓ جی ایس پی پلس کے پاک یورپ مثبت اثرات پر مفصل روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا امن بحال کرنے کےلیے یورپی یونین کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور بلجیم کے تعلقات مثالی ہیں ۔ انھوں نے ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن کی سرگرمیوں کا تذکرہ کرتے ہوۓ برسلز پارلیمنٹ کے بھرپور تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اوورسیز کمیونٹی کے مسائل کے حل اور پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے میں کلیدی کردار کی حامل ہے۔