PSF کے2 افسران کی بحالی، تنخواہ و مراعات کی مد میں 2 کروڑ دینا پڑینگے

June 22, 2021

اسلام آباد (ساجد چوہدری )ذرائع کے مطابق وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ادارے پاکستان سائنس فائونڈیشن کے کمپلسری ریٹائر کئے جانے والے گریڈ 20کےدو افسران کی پانچ سال بعد بحالی پر انہیں بغیر دفتر گئے تنخواہوں ، ہائوس ہائرنگ و دیگر مراعات کی مد میں تقریباً ڈیڑھ سے دو کروڑ روپے کی رقم سرکاری خزانے سے اداکرنا پڑیگی ،پی ایس ایف کے بعض افسران کا کہنا ہے ان دو افسران کی نوکری سےدرست یا غلط کمپلسری ریٹائرمنٹ یا پھر پانچ سال کی انکوائری کے بعد مبینہ طور پر دوبارہ نوکری پردرست یا غلط بحالی کے اصل حقائق بھی سامنے آنے چاہئیں ، پانچ سال کے بعد دوبارہ انکوائری سمجھ سے بالا تر ہے ، پاکستان سائنس فائونڈیشن کے بورڈ آف ٹرسٹیز نے چند روز قبل بورڈ میں دونوں افسران حیدرزمان خٹک اور ڈاکٹر حفیظ اللہ کا انکوائری کا کیس رکھاتھا اور بورڈ نے متعلقہ افسران کو نوکری پر بحال کر دیا تھا، افسران باقاعدہ طور پر جوائننگ بھی دے چکے ہیں ،ادارے کے بعض افسران کا کہنا ہے کیا بورڈ آف ٹرسٹیز ایسے افسران کو دوبارہ بحال کر سکتا ہے جن کا کیس اب بھی عدالت میں ہو یا پھر عدالت کا فیصلہ بھی ان کیخلاف ہو۔