اوورسیز پاکستانیوں کو قومی و صوبائی اسمبلیوں کا حصہ بنانا چاہئے، گورنر سرور

June 22, 2021

لاہور(نمائندہ خصوصی،اپنے نامہ نگار سے) گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں مخصو ص نشستوں کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں کا حصہ بنانا چاہئے تاکہ وہ بھی فیصلوں اور قانون سازی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے معاملے پراپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اتفاق رائے کی کوشش کر یں گے ۔امر یکہ کو اڈے نہ دینے کا وزیراعظم عمران خان کا فیصلہ قومی امنگوں کی تر جمانی ہے۔ اپوزیشن قومی مفادات کے ایشوز پر سیاست نہ کر ے ۔اوورسیز کمیشن پنجاب نے 2سالوں کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کے 10ہزار مسائل کو حل کیا ہے اور25ارب روپے کی پراپرٹیز قبضہ گروپوں سے ریکور کروا کر اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے کی ہیں ۔وہ پیر کے روز گورنر ہاؤس لاہورمیں صوبائی مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان،اوورسیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئر مین چوہدری محمدسر وسیم رامے اور دیگر کے ہمراہ پر یس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ گورنر چوہدری محمدسرور نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے امر یکہ کو اڈے نہ دینے کا فیصلہ اپوزیشن جماعتوں یا کسی اور کے کسی دباؤ میں نہیں صرف اور صرف پاکستان کے مفادات کو سامنے رکھ کر کیا ہے اور پاکستان کے22کروڑ عوام وزیراعظم عمران خان کے اس فیصلہ کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ جہاں تک مولانا فضل الر حمن کی جانب سے وزیر اعظم کے دباؤ میں آنے کی بات کا تعلق ہے تو وزیراعظم کے بارے میں سب جانتے ہیں کہ وہ کسی کے دباؤ میں آنیوالے لیڈر نہیں ۔ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے کا حکومتی فیصلہ تاریخی اقدام ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے موجودہ اور سابق چیف جسٹس کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنہوں نے اوورسیز پاکستان کے مقدمات کے لیے سپیشل ججز کی تعیناتی کی جن کی وجہ سے اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کا فیصلہ 6ماہ کے اندر ہورہا ہے۔