آل مشترکہ بلوچستان بس و مزدا اونرز کے وفد کی آئی جی پولیس سے ملاقات

June 22, 2021

کوئٹہ(پ ر)آل مشترکہ بلوچستان بس اور مزدا منی اونرز ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر حاجی نصراللہ خان کاکڑ کی سربراہی میں پشین، قلعہ عبداللہ، گلستان، زیارت، لورالائی، مسلم باغ، قلعہ سیف اللہ اور تمام پشتون بیلٹ کے ٹرانسپورٹرز نے گزشتہ روز آئی جی پولیس محمد طاہر رائے سے ملاقات کی۔ ایس ایس پی ٹریفک سعید گل آفریدی، ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ رضوان گوندل بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل زیر غور آئے جس میں غیر قانونی ٹوڈیز جو کہ ہزاروں کی تعداد میں شہر میں چل رہی ہیں اور کیو ڈی اے کی جانب سے پشتون بیلٹ کے ٹرانسپورٹرز کو نظرانداز کرنے کی بابت امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹرز رہنمائوں نے بتایا کہ کیو ڈی اے میں کرپشن کا بازار گرم ہے اور 2008ء میں جن ٹرانسپورٹرز کو ہزار گنجی اڈے میں پلاٹ الاٹ کئے گئے مگر وہ ان ٹرانسپورٹرز نے فروخت کردیئے 2010ء میں ان ٹرانسپورٹرز نے دوبارہ شہر میں 20سے زائد غیر قانونی اڈے اور ٹرمینل بنا لئے جس کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کا مسئلہ گمبھیر ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ پشتون بیلٹ کے ٹرانسپورٹرز 2008ء سے آج تک ہزار گنجی اڈے میں اپنی گاڑیاں کھڑے کرتے ہیں جبکہ ہمیں صرف 21پلاٹ الاٹ ہوئے۔ اعلیٰ حکام تک اپنی بات پہنچائی مگر افسوس کسی نے توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ پشتون بیلٹ کے ٹرانسپورٹرز آئی جی بلوچستان کے شکر گزار ہیں کہ جب سے انہوں نے چارج سنبھالا جرائم پیشہ افراد کیخلاف سخت ایکشن لیا گیا جس سے صوبے میں امن وامان کا مسئلہ حل ہوا۔