پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نڈر رہنما سے محروم ہوگئی‘ غلام نبی مری

June 22, 2021

کوئٹہ(پ ر)بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن غلام نبی مری نے پشتونخوامیپ کے صوبائی صدر وسابق سینیٹر عثمان خان کاکڑ کے انتقال کو بلوچستان کیلئے نقصان قراردیتے ہوئے کہاہے کہ مرحوم نے ہمیشہ محکوم اقوام کیلئے آواز بلند کی اور عمربھر سیاسی جدوجہد جاری رکھی۔ بے خوف ہوکر مظلوم عوام کی ترجمانی کی، عثمان خان کاکڑ زمانہ طالب علمی سے لیکر آخر دم تک نظریاتی، قومی، طبقاتی،آئینی اور جمہوری سیاست کے علمبرداررہے ، ان کی آئینی، قانونی، جمہوری،قومی اور طبقاتی جدوجہدان کی زندگی کی آخری سانس تک ان کا اثاثہ رہی اور انہوں نے کسی بھی ڈکٹیٹر اور غیر آئینی اقدام کی کبھی حمایت نہیں کی ان کی اچانک موت سے پورے ملک کے آئین، قانون ، جمہوریت پسند اور طبقاتی جدوجہد کرنے والے مظلوم عوام غمزدہ ہیں ان کاخلاء مدتوں پوری نہیں ہوگا۔پی ڈی ایم تحریک ایک نڈر رہنما سے محروم ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے قومی وسائل پر واک واختیار کیلئے جوجدوجہد کی وہ ہمیشہ یاد رہیں گی ،انہوں نے قومی سیاست میں جو کردارادا کیا وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔بلوچستان نیشنل پارٹی عثمان خان کاکڑ کے اہل خانہ اور پشتونخوامیپ کے کارکنوں سے اظہار یکجہتی کرتی ہے ،یہ غم صرف پشتونخوامیپ یا ان کے اہل خانہ کا نہیں بلکہ تمام محکوم ومظلوم اقوام کا ہے۔