عوامی امنگوں کے مطابق اوقاف کی رقم پوری دیانت داری سے استعمال کررہے ہیں، ظہور شاکر

June 22, 2021

پشاور ( جنگ نیوز )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معا ون خصوصی برائے اوقات و مذہبی امور ظہور شاکر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواحکومت نے ا پنے وعدے کے مطابق خیبر پختونخوا کے مساجد کے خطباء کے لئے بھی فلاحی قدم اٹھایا ہے اور اس سلسلے میں صوبہ بھر کے 20 ہزار مساجد کے خطباء کے لئے مالی سال 2021-22 میں2.6 ارب روپے کی رقم وظائف کے طور پر مختص کی ہیں۔ ا نہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف کی جائیدادوں کا تحفظ اور خطباء کی فلاح و بہبود کے لئے تاریخی منصوبے شروع کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ علماء ، خطباء اور آئمہ کرام کو حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عبادت گاہوں کی تعمیر و تزئین اور آرائش اسلامی تعلیمات کی روشنی میں جاری و ساری رکھی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ اوقاف کی پائی پائی حکومت کے پاس مقدس امانت ہے اور اس کو عوامی امنگوں کے مطابق پوری دیانت داری سے استعمال میں لایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مساجد میں بجلی کی بجائے شمسی نظام کی فراہمی کے لئے بھی بھر پور اقدامات کر رہی ہیں تا کہ لوڈ شیڈنگ اور بجلی کے کم وولٹیج سے چھٹکارا مل سکے۔