کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست میں مزید توسیع

June 22, 2021

پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف بغاوت کے مقدمہ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست میں مزید توسیع کردی۔ عدالت نے کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت تک کےلئے ملتوی کردی۔ کیس کی سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس لعل جان خٹک پر مشتمل سنگل رکنی بینچ نے کی۔ کیس پر سماعت شروع ہوئی تو کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر عدالت میں پیش ہوئے ۔عدالت نے قرار دیا کہ اس طرح کے دیگر کیسز بھی زیرسماعت ہیں اس لئے ان کیسز کو بھی ان کے ساتھ یکجا کیا جائے اور اس نوعیت کے تمام کیسز کو ایک ساتھ سنیں گے جس پر عدالت میں موجود سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں تھوڑا وقت دیا جائے۔ ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا سے اس بارے میں ہدایات لینا چاہتاہوں جس پر جسٹس لعل جان خٹک نے کہا کہ اس میں کسی سے رائے لینے کی ضرورت نہیں جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کےلئے ملتوی کر دی۔