بجٹ میں صوبے کی خوشحالی کیلئے اقدامات اٹھائے ، شفیع اللہ خان

June 22, 2021

پشاور ( جنگ نیوز )وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات شفیع اللہ خان نے بجٹ2021-22 کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کو مبارکباد دی ہے جس نے بجٹ میں صوبے کی پائیدار ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے ہیں جس کے دور رس نتائج برآمد ہونگے اور ملکی معیشت مزید مستحکم ہونے کے ساتھ ساتھ عام آدمی کی معیاری زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں اپنے حلقے کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں عوام کے فلاح و بہبود کے لئے 371 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جن سے حقیقی معنوں میں صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے گا اور ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں کے محرومیوں اور مسائل کو مد نظر رکھا گیا ہے اور تمام اضلاع کو ترقی کے سفر میں برابر کی بنیاد پر شامل کیا گیا ہے جو کہ صوبائی حکومت کا اچھا اقدام ہے۔