کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کا کھیل کی ترقی کیلئے مثبت اقدام

June 22, 2021

گراس روٹ لیول پر قومی کھیل کے فروغ کے سلسلے میں کراچی ہاکی ایسوسی ایشن اور شاہ ولایت پبلک اسکول کے مابین ایم او یو طے پاگیا جس کے تحت دونوں فریق ہاکی کے فروغ میں مل کر کام کریں گے ۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں سابق کپتان سمیع اللہ اور حنیف خان نے بھی شرکت کی ،ایم او یو پر کے ایچ اے کی چیئر پرسن صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں سیدہ شہلا رضا اور سیکریٹری کے ایچ حیدر حسین جبکہ اسکول انتظامیہ کی جانب سے منیجنگ ٹرسٹی اعزاز حسن خان اور اسکول پرنسپل ندرت امام نے دستخط کئے، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن نے نئی تاریخ رقم کرکے دیگر ایسوسی ایشنز کے لئے مثال بھی قائم کردی۔ شاہ ولایت اسکول کراچی کے ان چند اسکولوں میں ہے جہاں ہاکی کھیلی جاتی ہے۔

مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے موقع پر شاہ ولایت پبلک اسکول کے ساجد رضا (جی ایس) کے ایچ اے کے پیٹرن انچیف میجر جنرل (ر) طارق حلیم سوری، اچیئرمین کے ایچ اے گلفراز احمد خان، ایس وی پی کے ایچ اے اعجاز الدین، ڈی ایس پی خالق اور سابق صدر پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن ایس ایم سبطین،حسن عابدی، ایس سبطین آصف نقوی، ارسلان مسعود،علی اشرف اور اختر رضا بھی موجود تھے۔

اس موقع پر سیدہ شہلارضا نے کہا کہ کے ایچ اے اور شاہ ولایت پبلک اسکول کے درمیان ہونے والا معاہدہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لئے کسی بھی اسکول کے ساتھ پہلا معاہدہ ہے،بعد ازاں صوبائی وزیر نے کھلاڑیوں میں 32 ہاکی اسٹکس اور 32 گیندیں تقسیم کیں۔

ان میں آرمی اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے 17 ہاکی اسٹکس بھی شامل تھیں۔کے ایچ اے کے سیکرٹری اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے کوآرڈینیٹر حیدر حسین کے مطابق کے ایچ اے اور شاہ ولایت پبلک اسکول کے درمیان ایم او یو پی ایچ ایف کے ڈومیسٹک وژن کا حصہ ہے۔