یونس کا PCB سے اختلافات میں شدت آنا علیحدگی کا سبب بنا، ذرائع

June 22, 2021

قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان اور پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے درمیان مختلف امور پر اختلافات میں شدت آنا راہیں جدا ہونے کا سبب بنا ، یونس خان نے انگلینڈ روانگی سے قبل 5 روزہ ہوٹل آئسولیشن میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی سے شدید اختلافات یونس خان کی مینجمنٹ سے علیحدگی کی وجہ بنے، مختلف اختلافات کی وجہ سے یونس خان نے لاہور کے بائیو سیکیور ببل میں بھی رپورٹ نہیں کی ۔

یونس خان نے ببل میں تاخیر سے رپورٹ کرنا تھی اس دوران بورڈ کے ایک اعلیٰ عہدیدار اختلافات ختم کرنے کی کوشش کرتے رہے لیکن تاہم فریقین میں اختلافات کم نہ ہوسکے۔

بیٹنگ کوچ یونس خان کو متعدد امور پر پی سی بی انتظامیہ سے اختلافات تھے، جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز سے پہلے محمد یوسف کو کیمپ میں بھیجنا بھی یونس خان کو ناگوار گزرا تھا، نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر(این ایچ پی سی) کے کوچز اور ان کے طریقہ پر بھی یونس خان کو تحفظات تھے ۔

واضح رہے کہ چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ذاتی کوششوں سے یونس خان کو بیٹنگ کوچ کے لئے رضا مند کیا تھا، ماضی میں یونس خان نے انڈر 19 کا کوچ بننے سے منع کیا تھا تین برس قبل یونس خان اکیڈمی میں مناسب کمرہ نہ ملنےپر کوچنگ کورس چھوڑ کر چلے گئے تھے ۔

2006 ء میں اچانک یونس خان کپتانی سے بھی دستبردار ہو گئے تھے ، اپنے پلیئنگ ڈیز میں بھی یونس خان اور پی سی بی کے تعلقات ناخوشگوار رہتے تھے، یونس خان کا کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے ناقدین کے لیے حیران کن تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بیٹنگ کوچ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر محمد یوسف کو وقتی طور پر بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں سونپی جاسکتی ہیں۔