آصف زرداری، پرویز الہٰی ملاقات کی اندرونی کہانی

June 22, 2021

سابق صدر آصف علی زرداری اور پی ٹی آئی حکومت کے اہم اتحادی اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کے درمیان ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق دوران ملاقات آصف زرداری نے پرویز الہٰی کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ ہمارے بھی اتحادی تھے اور اس حکومت کے بھی ہیں، آپ کو فرق تو پتا چل گیا ہوگا؟

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کبھی سیاستدان نہیں تھے، خان کو لانے والے بھی اب پچھتارہے ہیں، اگلے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی سب کو سرپرائز دے گی۔

ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے پرویز الہٰی سے کہا کہ عمران خان اور وزراء یہ سمجھتے ہیں کہ دھمکیوں سے وہ سندھ حکومت کو ڈرا دیں گے تو یہ ان کی بھول ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تو آمروں کا مقابلہ کیا ہے، یہ عمران خان اور اس کی حکومت کیا چیز ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر نے اسپیکر پنجاب اسمبلی سے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ثابت کردیا ہے کہ وہ بہترین اپوزیشن کرنا جانتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی اہم شخصیات پیپلز پارٹی میں شامل ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق پرویز الہٰی نے کہا کہ اتحادی ہونے کے باوجود متعدد مرتبہ حکومتی پالیسوں سے اختلاف کیا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ اجلاس کےدوران تمام ہی اسمبلیوں میں ہنگامہ آرائی ہوئی مگر ہم نے پنجاب میں ایسا نہیں ہونے دیا۔

ذرائع کےمطابق اب تحریک انصاف کے اتحادی ہیں تو انتخابات تک پی ٹی آئی کےا تحادی ہی رہیں گے۔

پرویز الہٰی نے دوران گفتگو پی پی چیئرمین کی تعریف کی اور کہا کہ قومی اسمبلی میں متعدد مرتبہ بلاول بھٹو کی تقریر سنی بہت میچور بات کرتے ہیں۔