اختلافات کے بعد راہیں جدا، یونس خان بیٹنگ کوچ کے عہدے سے مستعفی

June 23, 2021

یونس خان بیٹنگ کوچ کے عہدے سے مستعفی

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) ماضی میں اپنے فیصلوں سے پی سی بی کو حیران کرنے والے یونس خان نے ایک اور اپ سیٹ کردیا۔ اتوار کی شام جب انگلینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی لاہور کے فائیو اسٹار ہوٹل کے ببل میں داخل ہوئے تو بیٹنگ کوچ یونس خان شامل نہیں تھے۔ کھلاڑیوں اور ساتھی کوچز کو پیر کو اس وقت شدید حیرت ہوئی جب انہوں نے خود کو ٹیم کے واٹس ایپ گروپ سے الگ کر لیا۔ یونس خان نے پی سی بی اور ٹیم انتظامیہ سے اختلافات کے باعث اپنی راہیں جدا کیں لیکن خلاف توقع انہوں نے میڈیا میں جانے کے بجائے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کو اعتماد میں لیا اور خاموشی سے اپنی ذمے داریوں سے الگ ہوگئے۔ معاملات ختم ہونے سے قبل اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ نہ پی سی بی اس معاملے پر میڈیا میں جائے گی اور نہ یونس خان بیان بازی کریں گے۔وہ ایسے وقت پر کوچنگ سے الگ ہوئے ہیں جب پاکستان کے بیٹسمین مشکلات کا شکار ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس خان کو مصباح الحق سے بھی شکایت تھی ان کے جانے کے بعد مصباح مزید مضبوط ہوگئے ہیں۔ عارضی مدت کے لئے منیجر منصور رانا کو بیٹنگ کوچ بنانے کی تجویز ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس خان نے ایک ہفتہ قبل لاہور میں قومی ہائی پرفارمنس سینٹر میں لیکچرز دیے تھے لیکن ایک ہفتے کے دوران ہونے والی غیر معمولی صورتحال نے یونس خان کو عین دورے سے قبل مستعفی ہونے پر مجبور کیا۔ یونس خان کو ببل میں تاخیر سے رپورٹ کرنا تھی تاہم فریقین میں اختلافات بڑھ گئے ۔ یونس خان کے متعدد امور پر پی سی بی انتظامیہ سے اختلافات تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ معاملات میں قومی ہائی پرفارمنس کے کوچز کی مداخلت بھی یونس خان کی ناراضی کا سبب بنی۔ ان کا خیال تھا کہ محمد یوسف ان کے کاموں میں اثر انداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ذاتی کوششوں سے یونس خان کو بیٹنگ کوچ کے لئے رضا مند کیا تھا ۔ ماضی میں یونس خان نے انڈر 19 کا کوچ بننے سے منع کیا تھا ۔ تین سال پہلے قبل یونس خان اکیڈمی میں مناسب کمرہ نہ ملنےپر کوچنگ کورس چھوڑ کر چلے گئے تھے اور مدثر نذر کے کمرے کی ویڈیو اپ لوڈ کردی تھی۔ یونس خان پی سی بی انتظامیہ میں کبھی مقبول نہیں تھے۔2006 میں اس وقت کے چیئرمین شہر یار خان سے ناراض ہوکر یونس خان اچانک یونس خان کپتانی سے بھی دستبردار ہو گئے تھے ۔ جب وہ کھیلتے تھے تواس وقت بھی یونس خان اور پی سی بی کے تعلقات ناخوشگوار رہتے تھے۔ دریں اثناء یونس خان نے استعفٰی دے دیا۔ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ یونس خان جیسی قدآور اور تجربہ کار شخصیت کو کھونا افسوسناک ہے۔ فریقین نے طویل مشاورت کے بعد باہمی اتفاق رائے سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امید ہے وہ مستقبل میں بھی پی سی بی کو دستیاب ہوں گے۔ دورہ انگلینڈ میں ٹیم کو بیٹنگ کوچ کی خدمات میسر نہیں ہوں گی تاہم دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے متبادل کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔