گریڈ 18 کے افسر کیخلاف انکوائریاں پانچ سال میں بھی مکمل نہ ہوسکیں

June 23, 2021

اسلام آباد (ساجد چوہدری) وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ادارے پاکستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (پاک ای پی اے) کے گریڈ اٹھارہ کے افسر کے خلاف جاری دو محکمانہ انکوائریاں گزشتہ پانچ سال میں بھی مکمل نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ وہ مبینہ طور پر بغیر کام کے پانچ سال سے تنخواہ و دیگر مراعات حاصل کررہے ہیں اور رواں سال اکتوبر میں ریٹائر ہو جائیں گے۔ ادارے کی سربراہ نے متعلقہ افسر کیخلاف ان ایفی شنسی کا کیس وزارت موسمیاتی تبدیلی کو بھجوا رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاک ای پی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر سیف اللہ نیازی کیخلاف پہلی انکوائری 2016ء میں شروع ہوئی جس میں ان پر سات الزام لگائے گئے اور پھراسی سال دوسری انکوائری شروع ہوئی جس میں افسر پر تیرہ الزام عائد کئے گئے۔ ان دونوں انکوائریوں میں 43انکوائری افسر بدل چکے ہیں اور اب یہ پندرہویں بار انکوائری شروع کی گئی ہے۔ وزیراعظم سیکرٹریٹ اور کیبنٹ ڈویژن نے بھی کسی افسر کے خلاف انکوائری 90دن میں مکمل کرنے کی مدت مقرر کردی ہے۔