پاکستان ایسوسی ایشن آف میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کا پی ایم سی کی کارکردگی کیخلاف وائٹ پیپر جاری

June 23, 2021

لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان ایسوسی ایشن آف میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز نے پی ایم سی کے کارکردگی خلاف وائٹ پیپر جاری کر دیا، نجی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پامی عہدیداروں کا کہنا تھا کہ پی ایم سی نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو تباہ کرنے پر تلی ہے ایک وکیل کو پی ایم سی کا نائب صدر بنا کر بچوں کے مستقبل سے کھیلنے اور میڈیکل کالجز کو تباہ کرنے کا اختیار دے دیا گیا،پاکستان کی بجائے غیر ملکی میڈیکل کالجز کے مفادات کیلئے کام کیا جا رہا ہے۔پامی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمن کا پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پامی 173میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کی واحد نمائندہ جماعت ہے ملک میں چینی آٹے اور رنگ روڈ سے بڑا سکینڈل جنم لے رہا ہے ، پاکستان میں طبی تعلیمی اداروں پر نااہل لوگ مسلط کر دئیے گئے ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ ایم ڈی کیٹ میں کبھی دوہری شرط نہیں ہوتی ہے۔