جے ایس بینک کا مناسب شرح سود پر ہوم فنانسنگ کیلئے کمپنی سے اشتراک

June 23, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جے ایس بینک نے Zameen.comکے ساتھ اشتراک کیا ہے جس کا مقصد آسان، مناسب اور لچکدار شرح سود پر ہوم اور سولر فنانسنگ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ یہ اشتراک Zameen.comکے موجودہ صارفین کو بھی جے ایس بینک کی روایتی اور سستی سولر فنانسنگ کی خدمات اور سہولیات سے استفادہ کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ معاہدے پرجے ایس بینک کے ہیڈ آف ڈسٹریبوشن ، کنزیومر لینڈنگ ذوالفقار علی لہری اور Zameen.comکے سینئر ڈائریکٹر سیلز شیخ شجاع اللہ خان نے دستخط کئے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ذوالفقار علی لہری نے کہا کہ Zameen.comکے ساتھ شراکت کا مقصد صارفین کو پراپرٹی کی تلاش اور مالی معاونت دونوں سہولیات کی فراہمی کیلئے ون ونڈو حل فراہم کرنا ہے جو اس معاہدے کو ہماری سب سے اہم بیرونی شراکت داری بناتا ہے۔ اس پاٹنرشپ میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ رئیل اسٹیٹ کے شعبے سے وابستہ اداروں کے کردار کو بہتر بناتے ہوئے صارفین کو معیاری سہولیات فراہم کرسکیں بلکہ اس عمل کو آسان اور دشواریوں سے پاک بنانے کے مقصد کو مزید فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے پر عزم ہوں۔ اس موقع پر جے ایس بینک کے ہیڈ آف سیکیورڈ لینڈنگ فہد صدیقی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جے ایس بینک اور Zameen.com کے درمیان اس نئی شراکت داری سے دونوں ادارے اپنے متعلقہ صارفین کو مزید جامع انداز میں مطلوبہ رہائشی اور مالی معاونت فراہم کر سکیں گے۔ جے ایس بینک اور Zameen خاص طور پر حکومت پاکستان کے وژن کے مطابق رہائشی اور تعمیراتی شعبے کے فروغ کیلئے پر عزم ہے اور اسٹیٹ بینک کی معاشی خوشحالی کے مقصد کو تقویت دینے کیلئے جدید سہولیات فراہمی اور پیشکش سے عوام کو مالک مکان بنانے کے قابل بنا سکیں۔ تقریب سے Zameen.com کے کنٹری ہیڈ احمد بھٹی نے خظاب کرتے ہوئے کہا کہ جے ایس بینک سے شراکت پر بہت زیادہ خوش ہیں ، اس یقین کے ساتھ کہ رئیل اسٹیٹ کے شعبہ میں ہوم فنانسنگ کی ضروریات کو پورا کرنے میں اپنا نمایاں کردار ادا کرسکیں۔ Zameen کا ہمیشہ مقصد پاکستانی عوام کو گھر کا مالک بننے میں آسانی پیدا کرنا ہے، اس ضمن میں جے ایس بینک کی جدید پیشکش، بشمول گھریلو قرضے، کم شرح پر اور جلد منظوری سے اس مقصد کا حصول اور بھی آسان بن جائے گا۔ بین الاقوامی صارفین کو بھی یہ پیغام پہنچانے میں جے ایس بینک کے ساتھ یہ تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ معاہدے کی تقریب میں جے ایس بینک کے چینل ہیڈ عادل مقصود، آپٹی مائیزیشن منیجر زاہد گیلانی اور Zameen.com کے ایسو سی ایٹ ڈائریکٹر سیلز محمد حسن اور کارپوریٹ منیجر عمیر حسین بھی موجود تھے۔ جے ایس بینک نے یہ اقدام اپنا ذاتی گھر خریدنے والے خواہش مند افراد کو لچکدار قرضوں کی فراہمی کیلئے اٹھایا ہے،اور ان کیلئے جائیداد کی مالیت کی 90 فیصد قیمت بطور قرض حاصل کرنا ممکن بنایا ہے، جس کے باعث لوگوں کی اکثریت جو پہلے اس سہولت کی اہلیت نہیں رکھتے تھے وہ بھی اب با آسانی اپنے ذاتی گھر کا مالک بننے کا خواب پورا کرسکتے ہیں۔