تاجروں کا کنٹونمنٹ بورڈ اور قبضہ مافیا کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

June 23, 2021

پشاور( وقائع نگار) پشاور مسلم مارکیٹ کینٹ کے تاجروں نے کنٹونمنٹ بورڈ اور مبینہ قبضہ مافیا کے خلاف دوسرے روز صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت صدر حمد اللہ ،چیئرمین ارشد شہزاد ،جنرل سیکرٹری فضل ربی اور نائب صدر فضل حبیب سمیت دیگر کر رہے تھے شرکاء کا کہنا تھا کہ بیس سال سے زائد عرصہ سے کاروبار کررہےہیں جبکہ قانونی لیز بھی ان کے پاس ہے تاہم کنٹونمنٹ بورڈ مبینہ قبضہ مافیہ کیساتھ مل چکی ہے، اس مارکیٹ میں 150 سے زائد دکانیں ہیں اور سینکڑوں خاندانوں کا رزق اس سے جڑا ہوا ہے مظاہرین کا کہنا تھا کہ عدالت سے حکم امتناعی لے چکے ہیں اسکے باوجود قبضہ مافیہ اور کنٹونمنٹ بورڈ مارکیٹ بلڈوز کرنا چاہتے ہیں جو توہین عدالت کرتے ہوئے کنٹونمنٹ بورڈ اور قبضہ مافیا مارکیٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں مسلم مارکیٹ کینٹ کے تاجروں نے وزیر اعظم عمران خان ،آرمی چیف اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسکا نوٹس لیکر انصاف فراہم کریں بصورت دیگر کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کرینگے ۔صوبائی اسمبلی کے باہر تاجروں کے مظاہرے سے رکن صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور اور ملک واجد نے بھی خطاب کیا ثمر ہارون بلور نے کہا کہ تاجر قانونی راستہ اپنائیں انصاف نہ ملا تو اے این پی ہر میدان میں ساتھ ہوگی حکومت نے روزگار دینے کا وعدہ کیا ہے تاجروں کو بے روزگار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔مظاہرے سے ملک واجد نے خطاب میں کہا کہ اسمبلی میں منتخب اراکین بیٹھے ہیں جو ووٹ لے کر آئے ہیں، اگر تاجروں کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے تو میں انصاف دلانے کا وعدہ کرتا ہوں، تحریک انصاف ہر مظلوم کے ساتھ ہے اور حق کو حق کہیں گے ۔