ڈبلیو ایس ایس پی نے پانی رسد کا دورانیہ بڑھا دیا

June 23, 2021

پشاور( وقائع نگار) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے گرمی بڑھنے کے باعث پینے کے پانی کی رسد کا دورانیہ دو گھنٹے بڑھا دیا اب صارفین کو روزانہ 8 گھنٹے کی بجائے 10 گھنٹے پانی فراہم کیا جائے گا، لوڈشیڈنگ کی صورت میں 10 گھنٹے کا دورانیہ شیڈول ٹائمنگ کے بعد پورا کیا جائے گا۔ ڈبلیو ایس ایس کے ترجمان کے مطابق اس حوالے سے مینجمنٹ نے چاروں زونز کو احکامات جاری کر دیئے ہیں گرمی میں پانی کی طلب بڑھ گئی ہے جس کے باعث صارفین کی سہولت کے لئے رسد کا دورانیہ بڑھایا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ڈبلیو ایس ایس پی روزانہ 76 ہزار 340 رجسٹر کنکشنز پر صارفین کو 50.49 ملین گیلن پانی فراہم کر رہی ہے جو فی فرد اوسطاً 300 لیٹر ہے جو پاکستان میں اوسطاً 120 لیٹر فی فرد سے دگنا سے بھی زیادہے۔ ترجمان کے مطابق رواں مالی سال کے 11 مہینوںمیں بجلی کی مد میں 733 ملین روپے خرچ کئے گئے ہیں جو اوسطاً 69 ملین روپے ماہانہ ہے۔ پانی ڈسچارج میں اضافے سے بجلی کے اخراجات مزید بڑھیں گے جبکہ واٹر ٹیبل پر بھی اثر پڑے گا جو پہلے ہی سے ضلع پشاور میں دبائو کا شکار ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ طلب اور ضرورت کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں عوامی مفاد میں دورانیہ مزید بھی بڑھایا جائے گا۔زون اے میں 4 بجے صبح سے 5:15 ، 6:15 سے 9:00 بجے تک، دوپہر 12 بجے سے 2 بجے تک اور شام 5 بجے سے رات 9 بجے تک، زون بی میں 4:30 صبح سے 6 بجے تک، 8 بجے سے 9:30 ، دوپہر 12 سے 2 بجے اور شام 5:30 سے رات 9 بجے تک، زون سی میں 6:30 صبح سے ساڑھے 9 بجے، ساڑھے 10 بجے سے 1:30 ، سہ پہر ساڑھے 4 بجے سے شام7 بجے اور رات 8 بجے سے ساڑھے 9 بجے تک، زون ڈی میں7 بجے صبح سے 9 بجے تک، 10 بجے تا دوپہر 12:15 ، ایک بجے دوپہر سے سہ پہر 4 بجے اور شام ساڑھے 5 بجے سے رات ساڑھے 8 بجے تک پانی فراہم کیا جارہا ہے۔