ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل: نسل پرستانہ جملے کسنے پر 2 تماشائی گراؤنڈ سے باہر

June 23, 2021

بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جارہے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں دو تماشائیوں کو نیوزی لینڈ ٹیم پر مبینہ طور پر غیر مناسب زبان کے استعمال اور نسل پرستانہ جملے کسنے پر نکال دیا گیا ۔

ساوتھمپٹن میں نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلا جا رہا ہے ، اس دوران گراؤنڈ میں موجود تماشائیوں کی جانب سے غیر مناسب زبان کے استعمال کی نشاندہی سوشل میڈیا پر کی گئی ۔

سوشل میڈیا پر پیغام میں کہا گیا کہ سارے دن کھیل کے دوران ایک اسٹینڈ سے نازیبا زبان اور نسل پرستانہ جملے کسے گئے ہیں، سوشل میڈیا صارف نے واقعے پر انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی توجہ بھی دلائی ۔

آئی سی سی کی جی ایم کلئیر فرلانگ نے فوری طور پر ایکشن لینے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد انہوں نے تماشائیوں کو نکالنے کی سوشل میڈیا پیغام میں تصدیق بھی کردی۔

کلئیر فرلانگ کا کہنا تھا کہ 2 افراد کو نشاندہی ہونے پر وینیو سے نکال دیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں ہم اس طرح کے رویے کے ساتھ بالکل کھڑے نہیں ہوتے ۔