عامر لیاقت کے بیان کے بعد طوبیٰ نے کونسا پیغام جاری کیا؟

June 23, 2021

معروف میزبان اور پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے حالیہ بیان کے بعد اُن کی اہلیہ سیدہ طوبیٰ عامر نے سوشل میڈیا پر معنی خیز پیغام جاری کردیا۔

سیدہ طوبیٰ عامر نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ کا رُخ کیا اور اسٹوری میں موجودہ صورتحال کی مناسبت سے پوسٹ شیئر کردی۔

انسٹاگرام پر اسٹوری میں شیئر کی گئی پوسٹ میں درج تھا کہ ’اپنی پریشانیاں اور دُکھ درد سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے بجائے، خُدا کو بتائیں۔‘

سیدہ طوبیٰ عامر کی یہ پوسٹ اُن کے شوہر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے حالیہ بیان کے بعد شیئر کی گئی ہے جس میں اُنہوں نے کہا تھا کہ ’اُن کا گھر ٹوٹ گیا ہے۔‘

اب یہ کہنا مشکل ہے کہ سیدہ طوبیٰ عامر نے یہ پیغام اپنے شوہر کے لیے جاری کیا ہے یا پھر اس کے پیچھے وجہ کچھ اور ہے۔

واضح رہے کہ اپنے ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا تھا کہ ’میں نے بہت تنگ آنے کے بعد یہ ویڈیو پیغام جاری کیا ہے کیونکہ ایک خاتون کی وجہ سے مجھ پر تہمت لگائی گئیں، مجھے تنقید کا نشانہ بنایا لیکن میں خاموش رہا۔‘


اُنہوں نے کہا تھا کہ ’اُس خاتون اور لوگوں کی تنقید کی وجہ سے میرا گھر ٹوٹ گیا، مجھے بُرا بھلا کہا گیا لیکن میں نے پھر بھی صبر کیا۔‘

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا تھا کہ ’اب میری برداشت ختم ہوگئی ہے اور میں نے اس خاتون کے خلاف سپریم کورٹ میں کیس دائر کردیا ہے اور اب عدالت ہی اُس کا فیصلہ کرے گی۔‘

عامر لیاقت کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین شدید کشمکش میں مبتلا ہوگئے ہیں، صارفین نے پی ٹی آئی رہنما کی پوسٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے سوال کررہے ہیں کہ ’کیا عامر لیاقت اور طوبیٰ کی بھی طلاق ہوگئی ہے؟‘

تاہم ابھی تک ڈاکٹر عامر لیاقت حسین اور اُن کی دوسری اہلیہ سیدہ طوبیٰ عامر کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ہانیہ نامی ایک خاتون نے عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ ہونے کا دعویٰ کیا تھا، اس خبر نے عامر لیاقت کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی تھی۔

اس خبر کے بعد ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے ہانیہ نامی خاتون سے تیسری شادی کی خبروں کی تردید کردی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس عامر لیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ سیدہ بشریٰ اقبال نے طلاق کی تصدیق کی تھی، عامر لیاقت نے دوسری شادی طوبیٰ عامر سے کی ہے۔