پی ایس ایل فائنل: ملتان سلطانز یا پشاور زلمی، ٹرافی کا حقدار کون ہوگا؟

June 23, 2021

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 6 کی بات ہی خاص ہوگئی، ملتان سلطانز پہلی بار فائنل میں پہنچی ہے اور پشاور زلمی دوسری بار ٹرافی تھامنے کے لیے بے تاب ہے۔

پشاور زلمی جو پی ایس ایل میں اب چوتھی مرتبہ فائنل کھیلنے جارہی ہے، لیکن قسمت کی دیوی اس پر صرف ایک مرتبہ ہی مہربان ہوئی ہے۔

پشاور زلمی نے 2017ء سے 2019ء کے دوران ہر سیزن کا فائنل کھیلا، ان فائنلز میں کوئٹہ پر فتح پانے والی زلمی ٹیم کو یونائیٹڈ اور گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست کا مزہ بھی چکھنا پڑا ہے۔

گزشتہ سیزن میں پشاور زلمی کی ٹیم فائنل میں نہیں پہنچ سکی تھی لیکن اس بار پھر وہ پی ایس ایل ٹرافی کی حقدار 2 ٹیموں میں سے ایک ہے۔

پی ایس ایل سیزن 6 کے فائنل میں پشاور زلمی کو ملتان سلطانز سے مقابلہ درپیش ہے، دونوں ٹیمیں پی ایس ایل تاریخ میں 8 مرتبہ مدمقابل آچکی ہیں۔

ان مقابلوں میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 5 مرتبہ مات دی جبکہ اس 3 مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دونوں کے درمیان پی ایس ایل میں پہلا مقابلہ 2018 کے ایڈیشن میں ہوا، اس سیزن میں ان کے درمیان 2 میچ ہوئے، دونوں ملتان سلطانز نے اپنے نام کیے۔

پشاور زلمی نے 2019 کے سیزن میں ملتان سلطانز کو دونوں ہی مقابلوں میں شکست دے کر پچھلے سیزن کی ہار کا بدلہ اتار دیا۔

گزشتہ برس یعنی 2020ء میں ملتان سلطانز نے ایک بار پھر بازی مار لی، دونوں ہی مرتبہ پشاور زلمی کو شکست کا مزہ چکھنا پڑگیا۔

پی ایس ایل سیزن 6 میں دونوں ٹیمیں 2 بار مدمقابل آئیں، ایک میں سلطانز جیتے تو دوسرےمیں زلمی نے بازی ماری۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ان 8 میچوں میں ملتان سلطانز نے 2 مرتبہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے فتح پائی جبکہ 3 مرتبہ ہدف کا کامیاب تعاقب کرکے پشاور زلمی کو پچھاڑا۔

پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کے خلاف اپنی 3 فتوحات ہدف کے کامیاب تعاقب کے ذریعےحاصل کی ہیں۔

پی ایس ایل کی تاریخ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی نے کبھی بھی پلے آف میں ایک دوسرے سے پنچہ آزمائی نہیں کی ہے یہ پہلا موقع ہے۔

پی ایس ایل کی تاریخ میں یہ بھی پہلی بار ہورہا ہے کہ راؤنڈ میچوں سے ہٹ کر دونوں ٹیمیں کسی ایڈیشن میں تیسری بار آمنے سامنے آئے ہیں، وہ بھی میگا ایونٹ کے فائنل میں۔