دورۂ انگلینڈ کیلئے قومی اسکواڈ کے اراکین کی ہوٹل میں دوسری کوویڈ ٹیسٹنگ مکمل

June 23, 2021

دورۂ انگلینڈ کے لیے پاکستان میں موجود قومی کرکٹ اسکواڈ کے اراکین کی ہوٹل میں دوسری کوویڈ ٹیسٹنگ ہوگئی، اسکواڈ میں شامل تین کرکٹرز نے ٹرینر یاسر ملک کے ساتھ ورچوئل ٹریننگ کی۔

قومی اسکواڈ کے ارکان کا ہوٹل آئسولیشن میں آج چوتھا روز تھا، پاکستان میں موجود قومی اسکواڈ کے اراکان کی ہوٹل میں دوسری کوویڈ ٹیسٹنگ بھی مکمل ہو گئی ہے۔ اتوار کو ہوٹل میں رپورٹ کرنے کے بعد ہونے والی ٹیسٹنگ سب اراکین کی منفی آئی تھی۔

تمام ممبرز نے آئسولیشن میں رپورٹ کرنے سے قبل اپنے گھروں پر بھی ٹیسٹنگ کرائی تھی، ہوٹل آئسولیشن میں اسکواڈ میں شامل تین کرکٹرز کی فزیکل ٹریننگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کا اسکواڈ جمعہ کی صبح خصوصی طیارے پر براستہ ابوظبی انگلینڈ روانہ ہوگا۔

ابوظبی سے اسکواڈ کے دیگر ارکان خصوصی طیارے پر سوار ہوں گے اور برمنگھم پہنچیں گے۔

برمنگھم سے ڈربی پہنچنے پر اسکواڈ کے ارکان تین روز کی ہوٹل آئسولیشن مکمل کریں گے، جہاں ان کی کووڈ ٹیسٹنگ کی جائے گی۔

پاکستان اسکواڈ 6 جولائی کو کارڈف پہنچے گا جہاں پہلا ون ڈے 8 جولائی کو ہوگا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کو تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلنے کے بعد ویسٹ انڈیز جانا ہے۔