لاہور دھماکا: جاں بحق افراد کے لواحقین وزخمیوں کیلئے مالی امداد کا اعلان

June 23, 2021

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور کے جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے میں جاں بحق کے لواحقین اور زخمیوں کو مالی امداد دینے کا اعلان کردیا۔

عثمان بزدار جناح اسپتال میں فرداً فرداً زخمیوں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔

انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دھماکے سے املاک کو پہنچنے والے نقصان کا بھی ازالہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں، ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے زخمیوں سے واقعے کی تفصیلات بھی معلوم کیں۔

جوہر ٹاؤن دھماکے کی ابتدائی رپورٹ تیار، ذرائع

جوہر ٹاؤن دھماکے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے، لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں بارودی مواد کے دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوئے، زخمیوں میں سے 4 کی حالت تشویش ناک ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 30 کلو گرام سے زائد غیر ملکی ساختہ دھماکا خیز مواد استعمال ہوا۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں بال بیئرنگ، کیلیں اور دیگر بارودی مواد استعمال ہوا، دھماکا خیز مواد کار میں نصب تھا، دھماکہ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا۔

ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دھماکے کی جگہ 3 فٹ گہرا اور 8 فٹ چوڑا گڑھا پڑا، دھماکے سے 100 مربع فٹ کا علاقہ تباہ ہوا۔

دوسری جانب لاہور میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے کے حوالے سے انکشاف ہوا ہے کہ یہ جوہر ٹاؤن کے علاقے میں ہائی ویلیو ٹارگٹ شخصیت کے گھر کے قریب پیش آیا۔

آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا تھا کہ دھماکا ملک دشمن عناصر کی کارروائی ہے، سی ٹی ڈی تحقیقات کر رہی ہے، فوری طور پر دھماکے کی نوعیت سے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

حافظ سعید کا گھر ٹارگٹ ہونے کے سوال پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہائی ویلیو ٹارگٹ شخصیت کے گھر کے قریب پولیس پکٹ ہے، اسی لیے گاڑی گھر کے قریب نہیں جا پائی، میرا خیال ہے کہ اسی لیے ٹارگٹ پولیس ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکا گھر کے باہر کھڑی گاڑی میں ہوا، جس سے کئی مکانات کو نقصان پہنچا، کئی راہ گیر بھی زخمی ہوئے۔