بلوچستان: اپوزیشن رہنما تھانے میں موجود، پولیس کا گرفتاری سے گریز

June 23, 2021

بلوچستان کی اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 14 اراکین اسمبلی کو کوئٹہ کے بجلی روڈ میں بیٹھے دو روز گزر گئے، پولیس اراکین اسمبلی کو گرفتار نہیں کررہی ہے جبکہ اپوزیشن اراکین تھانے سے نکلنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔

اپوزیشن اراکین نے بجلی روڈ تھانے میں سابق سینیٹر عثمان کاکڑ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کاانعقاد بھی کر ڈالا۔

اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنےوالے 17 اراکین اسمبلی کے خلاف 18 جون کو اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کےحوالے سے مقدمہ درج ہے۔

اسی حوالے سے وہ پیر کی دوپہر گرفتاری دینے تھانہ بجلی روڈ پہنچے تھے، تاہم پولیس کی جانب سے ان اراکین کو گرفتاری کی پیشکش کے باوجود گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

اپوزیشن کے چودہ اراکین اب بھی بجلی روڈ تھانے میں موجود ہیں، اپوزیشن اراکین نے منگل کو بجلی روڈ تھانے میں سینیٹر عثمان کاکڑ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا۔

تعزیتی ریفرنس کی صدارت اپوزیشن رکن مولوی نور اللہ نے کی، تعزیتی ریفرنس میں مقررین نے سابق سینیٹر اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عثمان خان کاکڑ کی صوبے کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔