کورونا میں کمی

June 24, 2021

یہ بڑی خوش آئند خبر ہے کہ ملک میں کورونا کیسز کی شرح میں غیرمعمولی حد تک کمی آگئی ہے اگر یہی رجحان برقرار رہا تو وہ وقت دور نہیں جب ہم کورونا سے پاک فضا میں سانس لے سکیں گے۔ این سی او سی نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں میں ملک بھر میں مثبت کیسز کی شرح ایک اعشاریہ 69فیصد ریکارڈ کی گئی جو 8ماہ بعد سب سے کم شرح ہے۔ کراچی میں کیسز کی شرح آٹھ اعشاریہ 5فیصد ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 39017ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 663افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 27اموات ہوئیں۔ یہاں یہ بات بھی ذہن میں رکھنی چاہئے کہ عالمی ادارۂ صحت نے عالمی وبا کی شرح صفر پر لے جانے کیلئے پورے کرۂ ارض کی آبادی میں ویکسی نیشن کے عمل کو ضروری قرار دینے کے ساتھ احتیاطی تدابیر اپنائے رکھنے پر زور دیا ہے لیکن ملکی سطح پر ویکسی نیشن کا عمل جو پہلے ہی دوسرے ملکوں کے برعکس قدرے سست تھا، گزشتہ دنوں ویکسین کی قلت کے باعث تعطل کا شکار رہا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومتی سطح پر معاملے کی سنجیدگی کا خیال رکھتے ہوئے ایسی جامع حکمت عملی وضع کی جانی چاہئے جس میں ویکسین کی بڑے پیمانے پر بروقت درآمد ممکن بنائی جا سکے، ساتھ ہی ملکی سطح پر ویکسین کی تیاری کے عمل کو بھی تیز کیا جائے۔ اگرچہ پچھلے دنوں چینی ماہرین کی مدد سے پاک ویک کے نام سے ملکی ویکسین متعارف کروائی گئی ہے لیکن اس کی تعداد کو بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ درآمدی ویکسین میں کمی آنے پر بھی ویکسی نیشن کے عمل میں کسی قسم کا تعطل پیدا نہ ہو۔ اسی طرح مکمل یا اسمارٹ لاک ڈائون کا راستہ اپنانے کے بجائے دیگر ملکوں کی طرح ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے معیشت، صحت، تعلیم سمیت زندگی کے تمام شعبوں کو چلانا ہوگا کیونکہ ملکی معیشت اب مزید کسی دھچکے کی متحمل نہیں۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998