نیوزی لینڈ عالمی ٹیسٹ چیمپئن بن گیا، بھارت میں صف ماتم

June 24, 2021

ساؤتھمپٹن (جنگ نیوز) نیوزی لینڈ پہلی آئی سی سی عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ جیت گیا۔ اس خبر کے ساتھ ہی بھارت میں صف ماتم بچھ گئی۔ ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ بھارتی ٹیم گھر میں شیر اور بیرون ملک ڈھیر ہے۔ عالمی چیمپئن کو 16 جبکہ بھارت کو 8 لاکھ ڈالر ملے۔ بدھ کو میچ کے چھٹے روز کیویز نے فائنل 8 وکٹوں سے اپنے نام کرلیا۔ اسے کامیابی کیلئے 139 رنز کا ہدف ملا تھا۔ کپتان کین ولیمسن نے ناقابل شکست 52 اور راس ٹیلر نے 47 رنز اسکور کیے۔ اس سے قبل کوہلی الیون اپنی دوسری اننگز میں 170 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ رشابھ پنت نے 41 جبکہ روہت شرما نے 30 رنز بنائے۔ ٹم سائودھی نے چار اور ٹرینٹ بولٹ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 217 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔کائل جیمیسن نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ بلیک کیپس نے اپنی پہلی اننگز میں 249 رنز اسکور کیے تھے۔جیمی سن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔