’’ٹاپ کرکٹ کیلئے تیار ہوں‘‘ دھانی کی فون سیلیبریشن دنیا کو پیغام

June 24, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر شاہ نواز دھانی کا کہنا ہے کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ کرکٹ کے ہر لمحے کا بھرپور مزہ لوں، چاہے وکٹ ملے یا چھکا ملے۔ مسکراتے رہنے کی وجہ سے ہی مجھے کافی اعتماد ملتا ہے۔ بدھ کو ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ فون کرنےوالی سیلیبریشن کا مقصد بتانا ہے کہ میں ٹاپ کرکٹ کیلئے تیار ہوں۔ سپر لیگ کھیل کر مجھ میں کافی تبدیلی آئی ہے۔ بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔ بطور ایمرجنگ کھلاڑی ٹورنامنٹ میں آیا، میرے اندر کا ڈر نکل گیا۔ میں نے پی ایس ایل میں سیکھا ہے کہ خود پر کیسے کنٹرول کرنا ہے۔ کرکٹ میں فرق آیا ہے لیکن میری شخصیت آج بھی ویسی ہی ہے جیسی پہلے تھی میری کوشش ہوگی کہ اپنے گائوں والوں اور دوستوں کیلئے ہمیشہ ایسا ہی دھانی رہوں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کیمپ میں وقار یونس سے بھی بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔میں ریڈ بال اور وائٹ بال دونوں طرز کی کرکٹ کو انجوائے کرتا ہوں۔