زلمی نے مومینٹم پکڑ لیا،ٹیم کیلئے کچھ اسپیشل کرنا چاہتا ہوں، وہاب

June 24, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ سپر لیگ سکس کا فائنل کھیلنا اعزاز کی بات ہے۔ 2016 سے وابستہ ہوں، اس بار پشاور کے لئےکچھ اسپیشل کرنا چاہتا ہوں۔ ٹیم نے بہت اچھا مومینٹم پکڑ لیا ہے تسلسل کو جاری رکھیں گے۔ امید ہے حضرت اللہ زازئی اپنی کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ پوری پی ایس ایل میں بطور ٹیم کھیلے ، ایک دوسرے کو سپورٹ کیا۔ دوسری جانب ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان آل رائونڈرشاہد آفریدی کی کمی بہت محسوس کررہے ہیں ، ان کا کہنا ہے کہ وہ بہت بہادر اور مثالی کھلاڑی ہیں، ان سے بہت کچھ سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں، شاہد بھائی ہر میچ سے پہلے اپنی رائے دیتے ہیں، وہ گھر میں رہ کر بھی ہم سے الگ نہیں۔ فائنلسٹ ٹیموں کے کپتانبدھ کو ورچوئل پریس کانفرنس کررہے تھے۔ وہاب ریاض نے کہا کہ بطور کپتان نروس ضرور ہوجاتا ہوں۔ چوتھا فائنل ہے ، اندازہ ہے کہ فائنل میں کیا پریشر ہوتا ہے۔ ملتان مضبوط ٹیم ہے، فائنل وہ جیتے گا کو اعصاب پر کنٹرول رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان شاہنواز دھانی جس طرح بولنگ کررہا ہے، کافی اچھا لگ رہا ہے۔پریشر نہیں لے رہا، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، فائنل کو انجوائے کریں گے، ٹورنامنٹ جیتنا میرا خواب ہے۔شعیب ملک شاندار کردار ادا کررہے ہیں، ان کی موجودگی سے مجھے فیلڈ میں فائدہ ہورہا ہے۔ ادھر محمد رضوان نے کہا کہ میچز سے پہلے میٹنگ میں سب لڑکوں کو یہ ہی بولا تھا کہ چاہے سارے میچز ہار جائیں، کوئی پروا نہیں کرنی، اپنے نیچرل انداز سے کھیلنا ہے ۔ یہ بات بس دماغ میں رکھنی ہے کہ اس بار کے چیمپئن ہم ہی ہیں۔