بھارت میں زیادہ بچے پیدا کرنے والوں کیلئے انعام کا اعلان

June 24, 2021

نئی دہلی (جنگ نیوز )دنیا میں آبادی کے لحاظ سے دوسرے سب سے بڑے ملک بھارت کے شمال مشرق میں واقع چھوٹی سی ریاست میزورم کے ایک وزیر نے اپنے انتخابی حلقے میں زیادہ بچے پیدا کرنے والے والدین کو نقد مراعات دینے کا اعلان کیا ہے تاکہ آبادی میں اضافے کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔بھارتی اخبار ’دا ہندو‘ کے مطابق ریاستی وزیر نے زیادہ بچے پیدا کرنے والے والدین کیلئے ایک لاکھ روپے کے نقد انعام کا اعلان کیا، جس کی ادائیگی ان کے خاندان کے زیر انتظام کام کرنے والی فلاحی تنظیم ’نارتھ ایسٹ کنسلٹنسی سروسز‘ کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ نقد رقم کے ساتھ زیادہ بچے پیدا کرنے والوں کو سرٹیفکیٹ اور ٹرافی بھی دی جائے گی۔میزورم کے کھیلوں، نوجوانوں کے امور اور سیاحت کے وزیر رابرٹ رومویہ روئٹے نے اتوار کو یہ اعلان کیا تھا، تاہم انہوں نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ کتنے بچے پیدا کرنے والے افراد اس انعام کے اہل ہوں گے۔روئٹے نے کہا کہ میزورم میں آبادی کا تناسب صرف 52 افراد فی مربع کلومیٹر ہے ۔