کلفٹن زمزمہ میں واقع نجی بینک میں لاکر ڈیڑھ سال بعد کھولا تو ڈھائی سو تولہ سونا غائب تھا،مالک

June 24, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کلفٹن زمزمہ میں واقع نجی بینک کے لاکر میں ڈیڑھ سال بعدنقب زنی کی واردات کا انکشاف ہواہے ۔تفصیلات ڈیڑھ سال بعد مالک نے جب لاکر کھولا تو انکشاف ہوا کہ اس میں موجود ڈھائی سو تولہ سونا غائب ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واردات ایک وقت میں ہوئی یا آہستہ آہستہ اس حوالے سے چیزیں واضح نہیں ہوسکی ہیں اور بینک کے عملے کی غفلت سامنے آئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کلفٹن تھانے کی حدود زمزمہ میں واقع نجی بینک کے لاکر میں اس وقت نقب زنی کا انکشاف ہوا جب لاکر کا مالک تقریبا ڈیڑھ سال بعد بینک آیا اور اس نے اپنا لاکر کھولا تو اس میں رکھی ہوئی چیزیں اچانک نیچے گر گئیں جس پر اس نے لاکرکو صحیح طریقے سے دیکھا تو اس میں موجود طلائی زیورات غائب تھے ، جس کی اطلاع پولیس کو دی گئی ،اس سلسلے میں پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملی ہے کہ ایک لاکر میں نقب زنی ہوئی ہے، کیونکہ اسکا مالک سامنے آیا ہے اور ابھی یہ نہیں کہا جاسکتا کہ مزید لاکرز میں بھی ایسا ہوا ہے یا نہیں کیونکہ اس اطلاع کے بعد مزید لوگ آئیں گے اور وہ اپنا لاکر چیک کریں گے، انہوں نے کہا کہ لاکر سیکشن الگ ہوتا ہے اور بغیر اجازت کوئی جا نہیں سکتا اور لاکر کے مالک کے ساتھ ہی عملے کافرد انکے ساتھ جاسکتا ہے، جس کا پورا ریکارڈ بنتا ہے، رجسٹر میں انٹری ہوتی ہے اسکے ساتھ ساتھ بینک کا اپنا سنٹرل مانٹرنگ سسٹم بھی موجود ہے تاہم فوری طور پر کسی کو کچھ نہیں پتہ کہ کون آیا اور کس نے ایسا کیا ہے انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ملزم نے بہت ہوشیاری سے ایسا آہستہ آہستہ کیا ہو تاہم اس حوالے سے تفتیش جاری ہے اور بینک انتظامیہ کو بھی اطلاع دی گئی ہے کہ وہ اندرونی تفتیش مکمل کریں، پولیس کا کہنا ہے درخواست گزار کا دعویٰ ہے کہ لاکر میں ڈھائی سو تولےکے طلائی زیورات موجود تھے اس حوالے سے بھی تفتیش جاری ہے ۔