ایم کیو ایم پاکستان کا سندھ حکومت کیخلاف 3جولائی کو ریلی نکالنے کا اعلان

June 24, 2021

کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ حکومت کے خلاف 3جولائی کو ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے،بعض وجوہات کی بناء پر پچھلے ماہ ریلی ملتوی کردی گئی تھی،بدھ کو ۔ ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادر آباد میں رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں شہر کی صورت حال، صوبائی بجٹ اور سندھ حکومت کی کارکردگی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ریلی کی نئی تاریخ کی منظوری دی گئی جو حسن اسکوائر سے شروع ہوکر کراچی پریس کلب پر ختم ہوگی،ایم کیو ایم نے ریلی میں سندھ حکومت کی معتصبانہ پالیسی کے خلاف وائٹ پیپر بھی جاری کرنے کا فیصلہ کیا،رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں حکومت سندھ کی شہری علاقوں کے خلاف پالیسی کراچی میں جرائم کی بڑھتی وارداتوں، اسٹریٹ کرائمز، لاک ڈاؤن کے نام پر پولیس گردی ، نوکریوں کی بندر بانٹ، وسائل پر قبضے، ملک دشمن عناصر کی سر گرمیوں پر بھی غور کیا گیا اور اس کے خلاف موثر آواز اٹھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا،اجلاس میں سندھ بھر میں جشن آزادی بھر پور طریقے سے منانے کی بھی منظوری دی گئی جس کے پروگرام کا اعلان یکم اگست سے ہوگا۔