سندھ حکومت ، زکوٰۃ کی رقم کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا انکشاف

June 24, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کی جانب سے غریب نادار اور مستحق شہریوں کےلیے مختص زکوٰۃ کی رقم کو سیاسی مقاصد کےلیے استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے ،سندھ ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وضاحت طلب کرلی ہےاور قراردیاہےکہ سیاسی مقاصد کےلیے کام کرنا ہے تو بجٹ میں حکومت کوئی اسکیم متعارف کرائے لیکن حکومت زکوٰۃ کی رقم سیاسی مقاصد کےلئے ہرگز استعمال نہیں کرسکتی ،واضح رہےکہ اس سے قبل روز نامہ جنگ نے زکوٰۃ کےلئے اوپن پن کوڈ والے اے ٹی ایم کارڈز جاری کئے جانے کا بھی انکشاف کیا تھا ۔تفصیلات کےمطابق سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس صلاح الدین پہنور نے زکوٰۃ غریب نادار اور مستحق شہریوں کو زکوٰۃ دینے سےمتعلق کیس کی سماعت کی اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ سلمان طالب الدین پیش ہوئے اور سندھ حکومت کی جانب سے رپورٹ پیش کرتے ہوئے عدالت عالیہ کو آگاہ کیا کہ زکوٰۃ کی ادائیگی کےلئے گزارا الاونس کے خفیہ پن کوڈ ظاہرہونےوالے تمام اے ٹی ایم کارڈز منسوخ کردیئے ہیں اور عدالتی حکم کے مطابق مستحقین کی نادرا سے بائیومیٹرک سسٹم کےزریعے تصدیق کے بعد ہی کارڈز جاری کیے جائیں گے اور مستحقین کی بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے تصدیق کی مد میں نادرا کو 5 لاکھ روپے معاوضہ بھی سندھ حکومت نے ادا کردئیے ہیں اور یہ معاوضہ محکمہ فنانس سندھ سے جاری کیے گئے ہیں