کڈنی ہلز ریفرنس، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد

June 24, 2021

اسلام آباد(صباح نیوز، ٹی وی رپورٹ) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے کڈنی ہلز ریفرنس میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا، اعجاز ہارون اور عبدالغنی مجید پر فرد جرم عائد کر دی، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کڈنی ہلز ریفرنس کی سماعت کی، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ملزمان پر فرد جرم عائد کی۔ عدالت نے تمام ملزمان کو چارج شیٹ پیش کی۔ دوران سماعت نیب تفتیشی افسرمدثرحسن اور پراسیکیوٹروسیم جاوید پیش ہوئے۔ ملزمان میں طارق محمود، عبدالقادرشہوانی بھی شامل ہیں۔ عدالت نے فرد جرم کی کاپیاں ملزمان کو فراہم کر دیں۔ عدالت نے گواہان کے بیانات قلمبند کرنے کیلئے گواہوں کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے گواہان نثار مگسی اور شیخ کمال کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔ کیس کی سماعت 13 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔ دریں اثناء سلیم مانڈوی والا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ پرائیویٹ ٹرانزیکشن ہونے کے باوجود چیئرمین نیب نے کڈنی ہلز ریفرنس کیسے سائن کردیا؟