روس کا برطانوی بحری جنگی جہاز پر انتباہی فائرنگ اور بمباری کا دعویٰ

June 24, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) روس نے بحیرہِ اسود میں برطانوی بحری جنگی جہاز پر انتباہی فائرنگ اور بمباری کا دعویٰ کیا ہے،برطانوی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ایچ ایم ایس ڈیفنڈر یوکرین کی حدود سے گزر رہا تھا، اس پر کوئی انتباہی فائرنگ نہیں ہوئی۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روس کا دعویٰ ہے کہ اس نے بحیرہ اسود میں برطانوی جہاز ایچ ایم ایس ڈیفنڈر کو روسی پانی حدود کی خلاف ورزی پر انتباہی فائرنگ سے خبردار کیا ہے۔روسی وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر برطانوی جہاز کو وارننگ دی گئی تھی کہ اگر روسی حدود کی خلاف ورزی ہوئی تو اسلحے کا استعمال بھی کیا جاسکتا ہے تاہم اس وارننگ کا کوئی اثر نہیں لیا گیا جس پر سرحدی گشت پر مامور روسی بحری جہاز نے انتباہی فائرنگ کی اور روسی جنگی جہازوں سخوئی 24 نے برطانوی جہاز کے قریب 4 بم بھی گرائے جس کے بعد بحری جہاز روسی حدود سے نکل گیا۔تاہم دوسری جانب برطانوی وزارت دفاع نے اس قسم کے کسی بھی واقعے کی تردید کی ہے۔ برطانوی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ رائل نیوی کا بحری جہاز ایچ ایم ایس ڈیفنڈر بین الاقوامی قانون کے مطابق یوکرین کی حدود سے گزر رہا تھا اور اس پرکوئی انتباہی فائرنگ نہیں کی گئی۔