پانی، صفائی اور نکاسی کےمسائل حل کرنے کیلئےکوشش کررہے ہیں،باسط خٹک

June 24, 2021

پشاور (نما ئندہ جنگ) کے سٹیزن لیزان سیل (سی ایل سی) نے یونیسف کے تعاون سے جاری پراجیکٹ کے تحت یونین کونسل اخون آباد، بھانہ ماڑی اور نوتھیہ جدید میں عوامی ڈائیلاگ کا اہتمام کیاجس میں عمائدین علاقہ، صارفین اور ڈبلیو ایس ایس پی کے واٹر سپلائی اور سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ حکام نے شرکت کی۔ڈائیلاگ کا مقصد عوام اور ڈبلیو ایس ایس پی کے درمیان روابط بڑھا کر خدمات کی بروقت فراہمی یقینی اور صارفین کو غیر قانونی کنکشنز کی رجسٹریشن اور پانی بلوں کی ادائیگی پر قابل کرنا جبکہ خدمات کی فراہمی کے عمل میں لوگوں کو شریک کرنا تھا۔ ڈائیلاگ میں صارفین نے اپنے مسائل بیان کئے جبکہ عمائدین نے پانی کا ضیاع روکنے اور بلوں کی ادائیگی میں کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ڈائیلاگ سے ڈبلیو ایس ایس پی کے منیجرز سالیڈ ویسٹ باسط خٹک، گوہر علی اور منیجر سٹیزن لیزان محمد اسماعیل نے خدمات فراہمی کے عمل میں عوام کے کردار اور ان کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ ڈائیلاگ میں عوام کو یقینی دہانی کرائی گئی کہ پانی، صفائی اور نکاسی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لئے لائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے جس پر مقررہ ٹائم فریم کے مطابق عملدرآمد کیا جارہا ہے، معمولی نوعیت کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جارہا ہے جبکہ بوسیدہ پائپ لائن پراجیکٹ ونگ کے ذریعے تبدیل کرائی جارہی ہے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی کہ پانی ضرورت کے مطابق استعمال کرے، گندگی مقررہ مقامات پر پھینکی جائے جبکہ بلوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے ۔