محبوبہ مفتی کا بھارتی حکومت سے پاکستان سے مذاکرات کرنےکا مطالبہ

June 24, 2021

مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھارتی حکومت سے پاکستان سے مذاکرات کرنے کا مطالبہ کردیا اور کہا کہمودی کا اقدام غیر قانونی، غیر آئینی ہے۔

فاروق عبداللہ سے ملاقات کے بعد محبوبہ مفتی نے کہا وہ نریندرمودی سے کہیں گی کہ کشمیر کے بارے میں یکطرفہ اقدام غیرقانونی اور غیر آئینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں امن اسی وقت بحال ہوگا جب یکطرفہ فیصلہ واپس لیا جائے گا۔

محبوبہ مفتی نے پاکستان سے بات کرنے پر بھی زو دیا اور کہا کہ جب بھارت طالبان سے بات کرسکتا ہے تو پاکستان سے کیوں نہیں۔

کشمیری میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق بھارتی وزیراعظم کےطلب کردہ کُل جماعتی اجلاس میں شرکت کیلئے کشمیری رہنما نئی دلی پہنچ گئے ہیں۔

نئی دلی میں آج ہونے والے اجلاس کے موقع پر مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہے گی اور اجلاس سے قبل مقبوضہ کشمیر میں ہائی الرٹ ہے۔

کشمیری رہنما اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کا معاملہ اٹھائیں گے، مختلف جیلوں میں قید کشمیری قیدیوں کی رہائی پر بھی زور دیا جائے گا۔

کشمیری رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام کےمفاد کی بات چیت قبول کی جائےگی ورنہ رد کردیا جائے گی۔