خورشید شاہ کی درخواست قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

June 24, 2021

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پروڈکشن آرڈرز جاری نہ کرنے کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی درخواست کی سماعت سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے خورشید شاہ کی درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا ہے۔

خورشید شاہ کی جانب سے عدالت میں ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے دلائل دیئے۔

چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر سے متعلق رول 108 کے تحت اختیار اسپیکر قومی اسمبلی کا ہے، عدالت اسپیکر قومی اسمبلی کو کوئی ہدایت جاری نہیں کر سکتی۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آرٹیکل 69 کے تحت پروسیڈنگ سے استثنیٰ کا معاملہ ڈویژن بینچ کے سامنے ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ اس کورٹ نے واضح کیا ہے کہ 108 کے اختیار کے خلاف رٹ جاری نہیں ہو سکتی، کیا آپ اسپیکر کے پاس گئے ہیں؟ آپ نے اپوزیشن لیڈر کے ذریعے معاملہ اسپیکر کے سامنے رکھا ہے؟

چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے مزید کہا کہ عدالتی مداخلت سے پارلیمنٹ کی بے توقیری ہو گی، اسی لیے آئین نے روکا ہے، ہم اس کی تہہ میں بھی نہیں جانا چاہتے، کورٹ کو پارلیمنٹ کا بہت احترام ہے۔

عدالتِ عالیہ نے فاروق ایچ نائیک کے دلائل کے بعد درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے پروڈکشن آرڈرز کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔