مودی کی APC عالمی برادری کو چکمہ دینے کی کوشش ہے: حریت کانفرنس

June 24, 2021

مقبوضہ جموں و کشمیر کی حریت قیادت نے نریندر مودی کی نام نہاد اے پی سی کو عالمی برادری کو چکمہ دینے کی کوشش قرار دے دیا۔

حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت ایسے ہتھکنڈوں سے عالمی برادری کو باور کرانا چاہتا ہے کہ مقبوضہ وادی میں سب کچھ معمول کے مطابق چل رہا ہے۔

حریت کانفرنس کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کشمیریوں کے حقیقی نمائندوں کے بغیر کسی بھی اے پی سی کی کوئی حیثیت نہیں۔

ادھر حریت رہنما الطاف حسین وانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی وزیرِاعظم مودی کی طرف سے آج بلائی گئی کانفرنس ایک سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد سیاستدانوں کی کانفرنس سے مقبوضہ کشمیر کی صورتِ حال ٹھیک ہونے کا تاثر دینا غلط ہے، بھارتی سرکار نے ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ دھوکا کیا۔

حریت رہنما الطاف وانی کا یہ بھی کہنا ہے کہ کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت دینے کے سوا کوئی آپشن ہمیں منظور نہیں ہے۔

ایک اور حریت رہنما عبدالحمید لون نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 5 اگست 2019ء کے بھارتی اقدام نے مودی سرکار کو دنیا بھر میں بے نقاب کر دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی نام نہاد لیڈر شپ کو بھارتی سازشوں میں شامل ہونے کیلئے بلایا گیا ہے۔

حریت رہنما عبدالحمید لون نے یہ بھی کہا ہے کہ 5 اگست کا بھارتی اقدام سیکیورٹی کونسل کی قرار دادوں کے منافی اقدام ہے۔