گیس بحران سے صنعتی عمل کو نقصان پہنچایا جارہا ہے، امتیاز شیخ

June 25, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیرِ توانائی امتیاز احمد شیخ نے کہاہے کہ سندھ میں گیس بحران پیدا کرکے صنعتی عمل کو شدید نقصان پہنچایا جارہا ہےوفاقی حکومت کی پالیسیاں ناکامی کا شکار ہیں اسی لئے اثاثے گروی رکھے جارہے ہیں۔ جمعرات کوسندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کے پانی کی بندش سے سندھ کی زراعت کو نقصان پہنچایا گیا ۔ سندھ کے حصے کی گیس کی بندش سے سندھ کی صنعتوں کو نقصان پہنچایا جارہا ہے اور یہ سب جان بوجھ کر کیا جارہا ہے۔ وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ ہر فورم پر سندھ کے مسائل کی نشاندہی کررہے ہیں جس سے وفاقی حکومت پریشانی کا شکار ہے اور چونکہ سندھ کے وزیر اعلی کی اہلیت کا حامل کسی اور صوبے کا وزیراعلیٰ نہیں لہذا سندھ حکومت کی کارکردگی پر اثر انداز ہونے کے لئے سندھ حکومت کی راہ میں روڑے اٹکائے جارہے ہیں۔