برلن میں لیبیا سے متعلق دوسری بین الاقوامی کانفرنس

June 25, 2021

برلن ( نیوز ڈیسک) جرمنی میں لیبیا کے تنازع کے حل کے لیے دوسری برلن کانفرنس شروع ہوگئی،جس میں کئی ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہوئے۔ کانفرنس کی میزبانی اقوام متحدہ کے تعاون سے جرمن حکومت کر رہی ہے اور اس میں امریکا، روس، ترکی، مصر، متحدہ عرب امارات اور لیبیا کی عبوری حکومت کے نمائندے شامل ہیں۔ اجلاس سے قبل جرمن وزیر خارجہ نے لیبیا میں غیر ملکی جنگجوؤں سے ہتھیار ڈالنے اور ملک چھوڑنے کے مطالبے کا اعادہ بھی کیا۔ انہوںنے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری کی حمایت سے شروع ہونے والی بات چیت سے عبوری حکومت کومزید تقویت حاصل ہوگی اور اس سے لیبیا کے عوام کو اپنی قسمت کا فیصلہ خود کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوںنے زور دیا کہ 24 دسمبر کو ہونے والے مجوزہ انتخابات اپنے وقت پر ہونے چاہئیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق 2020ء میں ہونے والی پہلی برلن کانفرنس کا مقصد لیبیا میں بیرونی ممالک کی مداخلت کو ختم کرنا تھا۔ امن کوششوں کی وجہ سے لیبیا میں جنگ بندی اور ایک عبوری حکومت قائم ہو چکی ہے۔